عمران خان کو وزیراعظم منتخب کرانے میں ایم کیو ایم نے اہم کردار ادا کیا ، کنوینر عامر خان

01:16 AM, 7 Dec, 2018

کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر کنوینر عامر خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو منتخب کرانے میں ایم کیوایم نے اہم کردار ادا کیا۔ لیکن انہوں نے ایم کیوایم سے کئے جانے والے معاہدے کی کسی ایک شق پر بھی اب تک عملدرآمد نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی  کارکردگی کا یہ عالم ہے کہ ڈالر اور مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے۔

حیدرآباد میں ایم کیوایم کے زیر اہتمام نعت خوانی کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر فاروق ستار کا ایم کیوایم سے کوئی تعلق نہیں انہیں پارٹی سے نکال دیا گیا ہے. ہم فاروق بھائی کیلئے دعا گو ہیں اللہ انہیں ہدایت دے. انہوں نے کہاکہ انتخابات کے وقت یہ تاثر تھا کہ ایم کیوایم میں انتشار ہے لیکن ابھی واٹر بورڈ میں ہونے والے انتخاب میں ایم کیوایم کی مضبوط یونین نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی ہے۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کی 100 روزہ کارکردگی پر پاکستان کی عوام جس طرح اظہار کررہے ہیں وہ نوشتہ دیوار ہے۔ ڈالر اور مہنگائی آسمان پر پہنچ گئے ہیں ۔ کاروباری طبقہ اس وقت جتنا پریشان ہے پہلے کبھی نہیں تھا۔ انہوں نے کہاکہ 18ویں ترمیم کو کامیاب کرانے کیلئے ایم کیوایم نے بڑا کردار ادا کیا۔ ہماری خواہش تھی کہ جس طرح اختیارات نچلی سطح پر آئے ہیں اسی طرح اختیارات شہروں تک بھی پہنچیں، پہلے ایک مرکز تھا اب چار مرکز بن گئے۔

مزیدخبریں