یاسرشاہ تیز ترین 200وکٹیں حاصل کرنے کیلئے پرُعزم

05:02 PM, 7 Dec, 2017

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز لیگ سپنر یاسر شاہ نے کہا ہے کہ وہ اپنی ’گگلی‘ اور ’فلِپر‘ پر سخت محنت کر رہے ہیں اور پُر امید ہیں کہ اس کی مدد سے وہ ایک اور ریکارڈ اپنے نام کر لیں گے۔
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے یاسر شاہ کا کہنا تھا کہ میں پاکستان کے لیے کھیلتے ہوئے اپنے ہر میچ میں عمدہ کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کرتا ہوں اور پُر امید ہوں کہ میں تیز ترین 200 وکٹوں کا ریکارڈ اپنے نام کر لوں گا‘۔لیگ اسپنر نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے کھلاڑیوں کی فٹنس کو ترجیحی بنیادوں پر رکھنے اور کھلاڑیوں کے لیے یو یو ٹیسٹ متعارف کرانے کے لیے بورڈ کی تعریف کی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ ابتداء میں اپنے مطلوبہ اہداف حاصل نہیں کر سکتے تھے تاہم جب انہیں سہولیات ملیں اور انہوں نے اپنے فٹنس ٹیسٹ دیئے تو انہوں نے وہ پاس بھی کیے۔لیگ اسپنر کا کہنا تھا کہ نئے کھلاڑیوں کی شمولیت سے ٹیم میں مستقل جگہ بنانے کے لیے سخت محنت کرنی پڑتی ہے۔انہوں نے نوجوان اسپنر شاداب خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا ’میں ان (شاداب خان) کی ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی میچوں میں بہترین کارکردگی سے انتہائی خوش ہوں اور مجھے یقین ہے کہ وہ جلد ٹیسٹ میچوں میں بھی اسی طرح پرفارمنس دکھائیں گے۔یاد رہے کہ یاسر شاہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین 100 وکٹیں مکمل کرنے والے مشترکہ طور پر دوسرے جبکہ ایشیائی باؤلروں میں پہلے نمبر پر ہیں۔

مزیدخبریں