ٹھٹھہ، زائرین کی کشتی الٹ گئی، 13 افراد جاں بحق اور متعدد لاپتہ

03:03 PM, 7 Dec, 2017

ٹھٹھہ: موھارا کے قریب سمندر میں زائرین کی دو کشتیاں آپس میں ٹکرانے کے بعد الٹ گئیں جس کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق اور 20 کو ریسکیو کر لیا گیا تاہم متعدد لاپتہ ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ نے وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ دو کشتیوں میں سوار 60 سے زائد افراد پیر پٹھو کے مزار پر جارہے تھے کہ تیز ہوا کے باعث کشتیاں آپس میں ٹکرانے کے بعد الٹ گئیں۔ ڈی سی ٹھٹھہ کے مطابق حادثے کے بعد اب تک 13 لاشیں نکالی جا چکی ہیں جب کہ 20 افراد کو ریسکیو کیا گیا اور مزید افراد کی تلاش جاری ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق زائرین جس کشتی میں سوار ہوئے اس میں تقریباً 200 افراد کی گنجائش تھی لیکن کنارے پر تیز ہوا اور مسافروں کی جلد بازی کے باعث کشتی توازن برقرار نہ رکھ سکی جب کہ حادثے کے بعد کئی افراد کنارے پر ہی پانی میں ڈوبے۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جن کی لاشوں کو شیخ زید اسپتال ساکرو منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ریسکیو اہلکار دیگر ڈوبنے والے افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں