کاسمیٹک طب کی دنیا میں انقلاب، چینی سرجن نے مریض کے بازو پر کان اگا دیا‎

چینی سرجن نے کاسمیٹک طب میں انقلاب برپا کر دیا

09:32 PM, 7 Dec, 2016

شنگھائی : چینی سرجن نے کاسمیٹک طب میں انقلاب برپا کر دیا۔ چینی سرجن ایک کان سے محروم مریض کے بازو پر ہی انسانی کان اُگانے میں کامیاب ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق چینی شہری مسٹر چی کا دایاں کان گزشتہ برس ایک حادثے کے دوران ضائع ہو گیا۔ ڈاکٹرز متعدد آپریشنز کے باوجود اس شخص کے کان کو دوبارہ درست حالت میں لانے میں ناکام رہے۔

بعدازاں چین کے معروف پلاسٹک سرجن ڈاکٹر گو شو ژونگ نے اس مریض کے علاج کا بیڑا اٹھایا۔ شیان جیاؤٹونگ یونیورسٹی کے اس سرجن نے پہلے مرحلے میں مریض کے بازو پر جلد کو پھیلایا۔ دوسرے مرحلے میں پسلی کی نرم ہڈیوں کے مخصوص حصوں کو اتارتے ہوئے انہیں بازو کی جلد میں داخل کیا۔

کان کی شکل میں کاٹی ہوئی ان ہڈیوں کو جلد کے اندر اس طرح سے ڈالا گیا کہ ان پر جلد آ سکے اور یہ آہستہ آہستہ کان کی شکل میں تبدیل ہو جائیں۔ واضح رہے کہ ابھی اگایا جانے والا کان مکمل طور پر اس حالت میں نہیں ہے کہ اسے دائیں کان کی جگہ ٹرانسپلانٹ کیا جا سکے تاہم سرجن نے امید ظاہر کی ہے کہ ایک ماہ کے اندر اندر اس سرجری کو مکمل کر لیا جائے گا۔

مزیدخبریں