لاہور: پاکستان فرنیچر کونسل نے فرنیچر سازی کے حوالہ سے اولین ریسورس بک 2016 کا کامیابی سے اجراء کردیا جو اندرون و بیرون ملک فرنیچر کی صنعت کی جامع گائیڈ بک ہے اور ملک بھر میں بکھرے ہوئے چھوٹے فرنیچر سازوں سے لے کر صنعت کا روپ دھارتے بڑے اور جدید اداروں کا احاطہ کرتی ہے۔
ریسورس بک میں میں چھوٹے پیمانے پر فرنیچر سازی کرنے والوں سے لیکر 4 ہزار بڑی کمپنیوں اور اس صنعت کے دیگر چھوٹے کاروباروں اور ان کے گاہکوں کے ساتھ تقابلی جائزہ پیش کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ دستکاری سے نت نئی ٹیکنالوجی اور غیر یقینی معیشت سے کنزیومر لائف سٹائل میں تیزی سے تبدیل ہوتی ہوئی فرنیچر انڈسٹری اپنے اندر شاندار مستقبل لئے ہوئے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ریسورس بک فنکشنز، میٹیریلز، تیار کنندگان، تیاری کے مراحل اور دیگر متعلقہ امور کے بارے میں ڈیزائنرز کے تقریباً تمام سوالات کے جواب فراہم کرتی ہے۔
پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ ریسورس بک گزشتہ چند برسوں کے دوران ڈیزائننگ کے شعبہ میں ہونے والی ترقی اور تبدیلیوں کا بھی احاطہ کرتی ہے اور اس میں ان عوامل کا ذکر بھی کیا گیا ہے جن کے زیر اثر یہ تبدیلیاں وقوع پذیر ہوتی ہیں۔