واشنگٹن :امریکہ میں ایک والد کو اپنے بیٹے کو انتہائی گرم موسم میں کار میں بند کر کے قتل کرنے کے جرم میں عمر قید کی سزا سنادی گئی۔36 سالہ جسٹن راس ہیرس کے بیٹے کی جون 2014 ء میں ایک کار پارک میں کھڑی کار میں موت واقع ہوگئی تھی۔
جسٹن نے عدالت میں موقف اختیار کیا تھا کہ وہ غلطی سے اپنے بیٹے کو کار میں بھول گئے تھے اور ان کا خیال تھا کہ وہ اسے نرسری میں چھوڑ آئے ہیں۔لیکن ان کے مقدمے میں یہ بات سامنے آئی کہ جب ان کا بیٹا کار میں گرمی سے مر رہا تھا تو وہ اپنے فون سے کم عمر لڑکیوں کو فحش پیغامات بھیج رہے تھے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جسٹن کو سزا سناتے ہوئے جج کا کہنا تھا کہ’یہ ایک ہولناک جرم تھا۔‘ جج کا مزید کہنا تھا کہ ملزم نے سنگدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گرمی میں اپنے بیٹے کو مرنے کے لیے کار میں چھوڑ دیا۔اس موقعے پر عدالت میں موجود مجرم نے کسی قسم کا ردِعمل نہیں ظاہر کیا۔