مرد بیویوں سے چھپ کر دوسری شادی کرتے ہیں مگر اب۔۔۔۔

10:32 AM, 7 Dec, 2016

لندن: بیویوں سے چھپ کر دوسری شادی کرنے والے مرد تو بہت پائے جاتے ہیں لیکن اب پہلی بار شوہر سے چھپ کر دوسری شادی کرنے والی خاتون بھی منظرعام پر آ گئی ہے۔ برطانوی اخبار ڈیلی سٹار کی رپورٹ کے مطابق برطانوی کنٹری ویلز کی رہائشی 35سالہ لیزا ایوریرڈ نے 38سالہ ایلیئٹ سے شادی کی اور ان کے ہاں دو بچے بھی پیدا ہو گئے۔ تب ایلیئٹ نے فیس بک پر لیزا کی تصاویر دیکھیں جن میں وہ دلہن بنی ہوئی اپنے کسی اور دولہا کے پہلو میں کھڑی ہوتی ہے۔ اس کی دوسری شادی کی تصاویر کے متعلق جب ایلیئٹ نے اس سے دریافت کیا تو اس نے جھوٹ بول دیا کہ یہ میری سہیلی کی شادی تھی جس میں میں ’برائیڈز میڈ‘ بنی ہوئی تھی۔ اس لیے میں نے بھی دلہن جیسا لباس پہن رکھا تھا۔ تاہم ایلیئٹ کو اس کی بات پر یقین نہ آیا۔

رپورٹ کے مطابق ایلیئٹ نے ویلز کے شادی دفتر میں جا کر تمام شادیوں کا ریکارڈ دیکھنا شروع کر دیا۔ شادی شدہ جوڑوں کے نام پڑھتے ہوئے اسے اس وقت شدید جھٹکا لگا جب اس کی بیوی کا نام بھی سامنے آ گیا۔ اس نے خفیہ طور پر مائیکل ہگز نامی شخص سے بھی شادی کر رکھی تھی۔ پکڑے جانے پر لیزا نے دوسری شادی کا اعتراف کر لیا اور ایلیئٹ کا گھر چھوڑ کر مائیکل کے گھر منتقل ہو گئی۔ایلیئٹ نے لیزا کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا جس پر اب اسے عدالتی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پراسیکیوٹر مارک بیٹرک کا عدالت میں کہنا تھا کہ ”مسٹرایلیئٹ کو جب معلوم ہوا کہ اس کی بیوی نے دوسری شادی کر رکھی ہے تو وہ ٹوٹ کر رہ گیا۔ رجسٹر میں لیزا اور مائیکل کا نام دیکھ کر ایک بار تو وہ حواس کھو بیٹھا تھا۔“ عدالت کی طرف سے لیزا کو 150گھنٹے بلامعاوضہ کام کرنے کی سزا سنا دی ہے۔

مزیدخبریں