وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا پیمرا ترمیمی بل 2023 واپس لینے کا اعلان

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا پیمرا ترمیمی بل 2023 واپس لینے کا اعلان
سورس: File

اسلام آباد: وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے  سینٹ کی قائمہ کمیٹی اطلاعات کے اجلاس میں پیمرا (ترمیمی) بل 2023 واپس لینے کا اعلان کر دیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پیمرا کے پرانے سیاہ قانون کو ختم کرنا چاہتے تھے لیکن بعض شقوں کے حوالے سے سامنے آنے والے تحفظات کا احترام کرتے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ ہم نےچار سال اپوزیشن میں رہتے ہوئے میڈیا کے ساتھ کام کیا،   جبر، آمریت اور فسطائیت کے خلاف میڈیا کے ساتھ مل کر ہمیشہ جدوجہد کی۔


وزیر اطلاعات نے کہا کہ آئینی و جمہوری سوچ پر کوئی سمجھوتہ نہ کبھی کیا ہے اور نہ ہی کبھی کر سکتے ہیں۔  میڈیا، اظہار رائے اور شہری آزادیوں کے آئینی حق پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ میڈیا کی نمائندہ تنظیمیں اور تمام سٹیک ہولڈرز پہلے دن سے مشاورت اور بل کی تیاری کا حصہ رہے۔

مریم اورنگزیب نے پیمرا کا ترمیمی بل واپس لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کوئی اقدام نہیں کر سکتے جس سے یہ تاثر پیدا ہو کہ ہمیں میڈیا کی آزادی عزیز نہیں۔


وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ مخلصانہ سوچ اور بڑی محنت سے یہ بل تیار کیا تھا،پہلے دن سے یہی کہا تھا کہ متفقہ طور پر ہی بل منظور کرائیں گے۔

مصنف کے بارے میں