اسلام آباد: پی ٹی آئی چیئرمین کی اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔
پی ٹی آئی سربراہ کے وکیل نعیم حیدر پنجوٹھا نے درخواست دائر کرتے ہوئے استدعا کی کہ ان کے موکل کو جیل میں اے کلاس فراہم کی جائے اور ان کی قانونی ٹیم کو جیل میں ان سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔
درخواست میں یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین کو اپنے ذاتی معالج، خاندان کے افراد اور پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے بھی ملاقات کی اجازت دی جائے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل پی ٹی آئی چیئرمین کو توشہ خانہ کیس میں 3 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی۔ انہیں لاہور سے گرفتار کیا گیا اور پھر اٹک جیل منتقل کر دیا گیا۔ مختصر فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے انہیں پانچ سال کے لیے کسی بھی عہدے پر رہنے کے لیے نااہل قرار دیا اور کہا کہ تفصیلی فیصلہ بعد میں شیئر کیا جائے گا۔