پی ٹی آئی کے ایم پی اے پر فائرنگ کرنے والوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن

03:31 PM, 7 Aug, 2022

نیوویب ڈیسک

پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن خیبر پختونخوا اسمبلی ملک لیاقت پر فائرنگ کرنے والے حملہ آوروں کی تلاش کیلئے لوئر دیر کے مختلف مقامات پر سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ ہسپتال ترجمان کا کہنا ہے کہ ملک لیاقت خان مکمل ہوش میں نہیں ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق ملک لیاقت کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے جبکہ پی ٹی آئی کے زخمی ایم پی اے پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں ان کا آپریشن کر کے انہیں وارڈ میں منتقل کیا جا چکا ہے۔ 
لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملک لیاقت خان کے پیٹ میں اور کندھے پرگولیاں لگی ہیں اور وہ ابھی مکمل ہوش میں نہیں ہیں جبکہ ان کی مکمل صحت یابی سے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا، ان کے ساتھ زخمی ہونے والے دیگر 3 افراد بھی ہسپتال میں زیر علاج ہیں جن میں ملک لیاقت خان کا بھتیجا حذیفہ بھی شامل ہے۔ 
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن صوبائی اسمبلی ملک لیاقت کو لوئر دیر میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا اور اس قاتلانہ حملے میں وہ شدید زخمی ہوئے تھے جبکہ فائرنگ کے اس واقعے میں دیگر 4 افراد جاں بحق بھی ہوئے تھے۔ 
پولیس نے بتایا تھا کہ لوئر دیر میں پیش آنے والے فائرنگ کے اس واقعے میں پی ٹی آئی کے ایم پی اے ملک لیاقت کا بھائی، بھتیجا، پولیس اہلکار اور لیویز اہلکار جاں بحق ہوئے۔ 

مزیدخبریں