اسلام آباد: پاکستان ڈیموکریٹک (پی ڈی ایم) کے دور حکومت میں یوٹیلیٹی سٹورز پر عوام کیلئے مہنگائی کا نیا طوفان آگیا ہے جن کیلئے اشیائے خورونوش کا حصول بھی ناممکن ہوتا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز پر مختلف دالوں کی قیمتوں میں 48 روپے فی کلو تک کا اضافہ کر دیا گیا ہے اور اس ضمن میں نوٹیفکیشن بھی جاری ہو گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کا اطلاق فوری طور پر ہو گا۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر کالے چنے کی فی کلو قیمت میں 48 روپے، دال مسور کی فی کلو قیمت میں 40 روپے، ثابت مسور اور سرخ لوبیا کی قیمت میں 35 روپے جبکہ دال چنا اور دال مونگ کی قیمت میں 30 روپے فی کلو تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔
قیمتوں میں اضافے کے بعد کالے چنے 172 روپے فی کلو سے بڑھ کر 220 روپے، دال مسور 270 روپے سے بڑھ کر 310 روپے، سرخ لوبیا 235 روپے سے بڑھ کر 270 روپے، ثابت مسور دال 275 روپے سے بڑھ کر 310 روپے، دال مونگ 170 روپے سے بڑھ کر 200 روپے اور دال چنا 190 روپے سے بڑھ کر 220 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔