لاہور میں 8 محرم الحرام کا جلوس برآمد، سیکیورٹی کے سخت انتظامات

لاہور میں 8 محرم الحرام کا جلوس برآمد، سیکیورٹی کے سخت انتظامات

لاہور: ملک بھر میں 8 محرم الحرام کے سلسلے میں مجالس عزا اور جلوسوں کا اہتمام نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ کیا جا رہا ہے جبکہ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق لاہور میں 8 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ دربار حسین اندرون موری گیٹ سے برآمد ہو گیا، جو لوہاری گیٹ پہنچ گیا ہے۔ مرکزی جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا شام کو امام بارگاہ بیت الرضا پرانی انار کلی پہنچے گا۔ 
صوبائی دارالحکومت کراچی میں 8 محرم الحرام کا مرکزی جلوس ڈیڑھ بجے برآمد ہو گا جس کی گزرگاہوں پر عام ٹریفک کا داخلہ بند ہے اور عوام الناس کی آسانی کیلئے ٹریفک پلان جاری کرتے ہوئے متبادل راستے وضع کر دئیے گئے ہیں۔ 
8 محرم الحرام کے جلوس کی گزرگاہوں پر موبائل فون سروس بند کر دی جائے گی جبکہ جلوسوں اور تکنیکی وجوہات کے باعث گرین لائن بس سروس بھی آج سے 9 اگست تک معطل رہے گی۔
ذرائع کے مطابق محرم الحرام کی سیکیورٹی کے سلسلے میں نمائش اور اطراف کی سڑکوں کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا ہے جبکہ جلوس کی گزر گاہ اور اطراف میں تمام دکانوں کو بھی سیل کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔ 
دوسری جانب خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں 8 محرم الحرام کاجلوس آج سہ پہر 3 بجے امام بارگاہ نجف علی شاہ کوچی بازار سے برآمد ہو گا جبکہ جلوس کے داخلی راستوں پر پولیس کی ناکہ بندی کرنے کے علاوہ بازار اور دکانیں بند کر دی گئی ہیں اور سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ 

مصنف کے بارے میں