اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے ملکی سیاست کے حوالے سے اگست کو اہم مہینہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ زمینی طاقتیں 15 حکمران پارٹیوں کے ساتھ جبکہ آسمانی طاقت اور عوام عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شیخ رشید نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں لکھا ’سیاستدان اپنے گندے کپڑے میڈیا میں دھو رہے ہیں۔ سیلاب کی فوٹو کھنچوانے پر زور اور سٹیٹ بینک کا گورنر مقرر کرنے کا وقت نہیں۔ زمینی طاقتیں 15 حکمران پارٹیوں کے ساتھ ہیں، آسمانی طاقت اور عوام عمران خان کے ساتھ ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مفروضوں اور تضادات کے پیچھے شریفوں اور زرداری کا چہرہ ہے۔‘
ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے لکھا ’ ملک ڈیفالٹ کی طرف جا رہا ہے، زرمبادلہ کے ذخائر، ترسیلات اور ایکسپورٹ کم ہو رہی ہیں۔ وزیر خزانہ ایک ہفتے ٹیکس لگاتے ہیں دوسرے ہفتے اٹھا لتے ہیں۔ اب تک کی ساری آئینی ترامیم ملک کیلئے نہیں اپنی ذات اور مفاد کیلئے کی ہیں، حتیٰ کہ قرضے کیلئے بھی آرمی چیف کو فون کرنے پڑ رہے ہیں، اگست اہم مہینہ ہے۔‘