لاہور: نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسین ؓ اور ان کے ساتھیوں کی شہادت کی یاد میں ملک بھر میں مجالس عزا کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے جبکہ پنجاب کابینہ نے محرم الحرام کیلئے فول پروف سیکیورٹی پلان کی منظوری بھی دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مختلف شہروں میں ذاکرین نے کربلا میں حضرت قاسم ؓ کی شجاعت کے واقعات بیان کئے جبکہ نبی کریمﷺ کے گھرانے پر یزیدی فوج کے مظالم کا تذکرہ کیا گیا۔
جلوسوں میں سوز و گداز کے ساتھ نوحہ خوانی بھی کی گئی، امام عالی مقام کی فوج کے سپہ سالار حضرت عباس ؓ کے علم کی شبیہ اور امام حسین ؓکے ذوالجناح کی شبیہ برآمد ہوئی۔
دوسری جانب پنجاب کابینہ نے محرم الحرام کیلئے فول پروف سیکیورٹی پلان کی منظوری دیدی ہے۔ صوبے میں 9 اور 10 محرم کو ڈبل سواری پر پابندی ہو گی جبکہ حساس مقامات اور جلوسوں کے راستے پر موبائل سروس بھی بند رہے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ محرم کے جلوسوں اور مجالس کی سی سی ٹی وی کوریج یقینی بنائی جائے اور سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں۔