اسلام آباد: پاکستان نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کاحل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل کے ترجمان کے بیان کا خیرمقدم کرتےہیں، ترجمان سیکرٹری جنرل کا بیان بھارتی اقدام کے دو سال مکمل ہونےپر آیا،ترجمان کابروقت بیان قابل تعریف ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ نے کہا کہ پانچ اگست کا بھارتی اقدام اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے، اقوام متحدہ میں بھی بھارتی مستقل نمائندے کےدعوے کی تردید کی گئی، جموں کشمیر مسئلہ اقوام کےایجنڈے پرحل طلب مسئلہ ہے۔
زاہد حفیظ نے کہا کہ مسئلہ کشمیرکاحل اقوام متحدہ کی قراردادوں کےذریعےہی ممکن ہے،کشمیرکبھی بھارت کاحصہ تھا نہ بن سکتاہے۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ میں بھارت کے مستقل نمائندے کے جموں کشمیر کو اپنا اٹوٹ انگ قرار دینے کے بیان کی تردید کی گئی تھی۔
یاد رہے کہ رواں ماہ کی پانچ تاریخ کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں ” یوم استحصال کشمیر” منایا گیا تھا، وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ 5 اگست کے بھارت کےغیر قانونی اقدام کو آج دو سال ہو گئے ، 2سال میں دنیا نےبھارتی افواج کا کشمیرمیں تاریخی ظلم دیکھا ، آبادی کے تناسب میں تبدیلی اور کشمیری شناخت کو تباہ کرنے کی کوشش کی گئی۔