کابل: افغان طالبان نے صوبہ جوزجان صوبے کے دارالحکومت شبرغان پر قبضہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ طالبان نے جوزجان صوبے کے دارالحکومت شبرغان پر قبضہ کر لیا، یہ طالبان کے قبضے میں آنے والا دوسرا صوبائی دارالحکومت ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق شبرغان شہر کے کئی علاقوں میں شدید لڑائی جاری ہے، طالبان زیادہ تر سرکاری عمارتوں اور شہر کا کنٹرول سنبھالنے میں کامیاب ہو گئے ہیں، تاحال حکومت کے زیر کنٹرول ایئر پورٹ کے لیے لڑائی جاری ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز طالبان نے جنوب مغربی صوبے نمروز کے صوبائی دارالحکومت زرنج پر بھی قبضہ کر لیا تھا۔ نمروز پولیس نے شکوہ کیا تھا کہ جنگجوؤں کے ساتھ جھڑپ کے لیے فوج نہیں بھیجی گئی، نہ ہی پولیس کے تازہ دم دستوں سے مدد کی گئی۔
افغانستان کے دیگر صوبائی دارالحکومت جہاں اس وقت شدید لڑائی جاری ہے ان میں مغرب میں ہرات اور جنوب میں لشکر گاہ شامل ہیں۔