اسلام آباد: نادرا کے دفاتر میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد نہ ہونے پر چیئرمین نادرا طارق ملک نے نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں نادرا سینٹرز میں جراثیم کش سپرے کو یقینی بنایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق نادرا کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین نادرا طارق ملک نے سائلین کو نادرا کے دفتر آنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا لازمی قرار دیدیا ہے۔ چیئرمین نادرا نے ملک بھر کے تمام سینٹرز میں تھرمو گن سے سکریننگ کے بعد داخلے کی اجازت دینے کی ہدایت کر دی، نادرا دفاتر کے اندر اور باہر ایک میٹر کی سماجی دوری رکھنا لازمی قرار دے دیا۔
چیئرمین نادرا کی ہدایت کے مطابق سائلین اور تصدیق کنندہ کو ماسک کے بغیر دفاتر میں داخلے کی اجازت نہیں ہے، دفتر میں داخلے سے پہلے ہاتھوں کو لازمی سینی ٹائز کرنا ہو گا۔ چیئرمین نادرا نے ہدایت کی ہے کہ نادرا دفاتر کے اندر سماجی دوری کیلئے الگ قطاریں بنائی جائیں، دفاتر میں رجسٹریشن کے بعد مشین کو جراثیم کش محلول سے صاف کیا جائے۔
چیئرمین نادرا نے تمام عملے کو احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کی تلقین کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کو نادرا دفاتر پر رش سے بچائیں۔ چیئرمین نادرا کا یہ بھی کہنا ہے کہ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے فوری اجراءکیلئے نادرا نے اقدامات کئے ہیں، شہری کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ آن لائن یا قریبی نادرا کے مراکز سے حاصل کریں۔