مظفر آباد: کشمیر پریمیر لیگ (کے پی ایل) کے انعقاد سے قبل بھارت کی بوکھلاہٹ اور غیر ملکی کھلاڑیوں کو دھمکیاں خاک میں مل گئی ہیں اور جنوبی افریقہ کے مایہ ناز سابق بلے باز ہرشل گبز مظفر آباد پہنچ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ہرشل گبز نے اپنے ایک سوشل میڈیا پیغام میں بتایا تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ مجھے دھمکی دے رہا ہے، بی سی سی آئی غیرضروری طور پر پاکستان کے ساتھ اپنا سیاسی ایجنڈا بیچ میں لارہاہے اور مجھے کے پی ایل ٹی 20 میں کھیلنے سے روکنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
ہرشل گبز نے اپنے ٹویٹ میں بتایا تھا کہ بی سی سی آئی کی جانب سے مجھے دھمکی دی جارہی ہے کہ بھارت میں انٹری کی اجازت نہیں دی جائے گی تاہم انہوں نے اس کے باوجود کشمیر پریمیر لیگ (کے پی ایل) میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا اور اس غرض سے مظفر آباد پہنچ گئے ہیں۔
کے پی ایل کے گزشتہ روز آغاز ہو چکا ہے جس میں ہرشل گبز اوور سیز واریئرز کی نمائندگی کریں گے جبکہ ایونٹ کا فائنل میچ 17 اگست کو مظفر آباد کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔