گلگت بلتستان میں سیاحت کو ترقی دینے کی ضرورت ہے، صدر پاکستان

05:16 PM, 7 Aug, 2020

گلگت بلتستان: صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان دنیا کا خوبصورت ترین علاقہ ہے، یہاں پانی، معدنیات اور سیاحت کو ترقی دینے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے گلگت بلتستان وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کا دورہ کیا، ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ کی جانب سے صدر پاکستان کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں صدرپاکستان عارف علوی کو بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کورونا وائرس سے متعلق گلگت بلتستان حکومت کی کارکردگی سب سے اچھی رہی۔

 انہوں نے کہا کہ مجھے، وزیر اعلیٰ کہتے ہیں کہ گلگت بلتستان کو مزید نوکریاں دی جائیں، انہوں نے کہا کہ سیاحت کو پروان چڑھانے سے روزگار کے مواقع ملیں گے۔صدر کا کہنا تھا کہ دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر سے 16500 افراد کو روزگار ملے گا۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ میر افضل خان  نے کہا کہ صدر پاکستان عارف علوی کا دل گلگت بلتستان کے ساتھ دھڑکتا ہے، امید ہے وفاقی حکومت پہلے سے بڑھ کر گلگت بلتستان کے مسائل پر توجہ دے گی، صدر پاکستان ہماری آواز بنیں گے۔انہوں نے کہا کہ سیاحت کو ہم نے ایس او پیز کے تحت کھول دیا ہے۔

مزیدخبریں