رضا ربانی نے مقبوضہ کشمیر پر بنائی جانے والی 7 رکنی کمیٹی مسترد کر دی

04:11 PM, 7 Aug, 2019

اسلام آباد: سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے مقبوضہ کشمیر پر بنائی جانے والی 7 رکنی کمیٹی مسترد کر دی۔

قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رضا ربانی نے کہا کہ پاکستان کا کلائنٹ اسٹیٹ کا کردار ختم کیا جائے۔ شاہ محمود قریشی نے ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش قبول کی۔ ٹرمپ نے ثالثی کی پیشکش کی تو گولان کی پہاڑیاں اسرائیل کو دے دیں۔ اصل میں یہ گٹھ جوڑ تل ابیب، امریکا اور بھارت کا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کشمیر میں نسل کشی کیلئے آگے بڑھ رہا ہے جس کے بعد مقبوضہ کشمیر کو غزہ بنا دیا جائے گا۔ کشمیری پاکستان کی طرف دھکیلے جائیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز مقبوضہ کشمیرسے متعلق حالیہ صورتحال پر وزیراعظم نے7 رکنی کمیٹی بنائی تھی۔ وزیراعظم ہاؤس اعلامیہ کے مطابق کمیٹی میں وزیر خارجہ، اٹارنی جنرل، سیکرٹری خارجہ شامل، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ملٹری آپریشن، ڈی جی آئی ایس پی آر اور کمیٹی میں وزیراعظم کے معاون خصوصی احمر بلال صوفی بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ وزیراعظم کی تشکیل کردہ 7 رکنی کمیٹی قانونی، سیاسی اور سفارتی سفارشات مرتب کریگی۔

مزیدخبریں