ملیحہ لودھی کی صدر سلامتی کونسل سے ملاقات، کشمیر کے معاملے پر گفتگو

11:33 AM, 7 Aug, 2019

نیو یارک: اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے نیو یارک میں سلامتی کونسل کی صدر یوآنا ورونیکا Joanna Wronecka سے ملاقات کی ہے۔

ملیحہ لودھی نے صدر سلامتی کونسل کو بھارت کی جانب سے سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی اور مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کے باعث خطے کو لاحق خطرے سے آگاہ کیا۔

پاکستانی مندوب نے انہیں بتایا کہ بھارت کے غیر قانونی اقدام نے خطے کا امن خطرے میں ڈال دیا ہے۔ سلامتی کونسل خطے کے امن کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے اقدامات کرے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزیوں کا مرتکب ہوا ہے اور کشمیر پر بھارت کا قبضہ ختم کرانا سلامتی کونسل کی ذمہ داری ہے۔

ملیحہ لودھی نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو تسلیم کر رکھا ہے۔ بھارت طاقت کے زور پر اور یک طرفہ قانون سازی سے زمینی حقائق تبدیل نہیں کر سکتا۔

اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی اور سفارتی حمایت ہمیشہ جاری رکھے گا۔

مزیدخبریں