اسلام آباد: قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین بابرا عظم نے کہا ہے کہ کپتانی کے پیچھے بھاگنے والوں لوگوں میں سے نہیں ہوں اور میری ساری توجہ زیادہ سے زیادہ رنز اسکور کرنے کی طرف ہوتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بابراعظم نے کہا کہ میں نے کبھی بھی قومی ٹیم کی کپتانی کے بارے میں نہیں سوچا، میری ساری توجہ اپنے ملک کی خاطر اچھی کارکردگی دکھانے پر مرکوز ہوتی ہے۔
سرفراز احمد کی کپتانی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے کپتان نے اچھی کارکردگی دکھائی ہے، ٹیم کا کپتان کون ہونا چاہئے؟ اس کا فیصلہ کرکٹ بورڈ نے کرنا ہے۔
بابر اعظم اس وقت انگلینڈ میں موجود ہیں جہاں وہ وائٹالٹی ٹی ٹونٹی2019 کپ میں سمرسیٹ کاؤنٹی کرکٹ کلب کی نمائندگی کر رہے ہیں۔یاد رہے پاکستان کے سابق کپتان جاوید میانداد نے بابر اعظم کو کپتان بنانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا تھا کہ کرکٹ بورڈ سرفراز احمد کی جگہ ون ڈے ٹیم کے لئے بابر کو کپتان بنا کر نئی شروعات کرے۔
انہوں نے کہا تھا کہ بورڈ کو یہ سوچنا ہو گا کہ کیسے کرکٹ میں بہتری لانی ہے، جن کھلاڑیوں نے پہلے کپتانی کی ہے ان کو دوبارہ آزمانے سے بہتر ہے کہ ایک نئے کھلاڑی کو موقع دیا جائے۔