اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 25جولائی 2018کے عام انتخابات کے نتیجے میں قومی وصوبائی اسمبلیوں کے کامیاب امیدواروں کے نوٹی فکیشن جاری کردیئے ،سرکاری گزٹ میں ان کا نام شائع کردیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق, پاکستان تحریک انصاف کے نامزد وزیراعظم عمران خان کی کامیابی کے دو حلقوں سے نوٹی فکیشن روک لیے گئے ہیں، دیگر تین حلقوں کو بھی ضابطہ اخلاق سے متعلق زیر التواء کیسز سے مشروط کیا گیا ہے۔ اسپیکر سردار ایاز صادق اور پرویز خٹک کی کامیابی کے نوٹی فکیشن بھی مشروط طورپرجاری کئے گئے ہیں۔ عدالتی حکم امتناعی اور دوبارہ گنتی کے احکامات کے پیش نظر قومی وصوبائی اسمبلیوں کے 30حلقوں کے نوٹی فکیشن روکے گئے ہیں۔ قومی وصوبائی اسمبلیوں کے کامیاب امیدواروں کے نوٹی فکیشن منگل کو جاری کئے گئے-
یہ بھی پڑھیں:الیکشن کمیشن آف پاکستان میں نئے صدر مملکت کے انتخاب کے حوالہ سے تیاریاں
عمران خان کا این اے 53اسلام آباد سے کامیابی کا نوٹی فکیشن ووٹ کی راز داری ظاہر کرنے ،اسی طرح این اے 131لاہور کا نوٹی فکیشن لاہورہائیکورٹ کے فیصلے کی وجہ سے روکا گیا ہے جبکہ این اے 35بنوں, این اے 95میانوالی اور این اے 243کراچی سے عمران خان کی کامیابی کے مشروط نوٹی فکیشن جاری کئے گئے ہیں۔ اگست کے وسط میں ضابطہ اخلاق سے متعلق کیس کی سماعت اور اس کے فیصلے سے یہ نوٹی فکیشن مشروط کئے گئے ہیں- پرویز خٹک اور اسپیکر سردار ایاز صادق کی کامیابی کے بھی مشروط نوٹی فکیشن جاری کئے گئے ہیں، ان کے خلاف بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کے کیسز زیر التواء ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:الیکشن کمیشن نے انتخابات کے دوران امیدواروں کے اخراجات کی تفصیلات جاری کر دیں
الیکشن کمیشن کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق, پاکستان پیپلزپارٹی اور جی ڈی اے کے ایک رکن کا بھی نوٹی فکیشن روکا گیا ہے۔ اسی طرح سرگودھا کے این اے 90اور 91, این اے 140کوئٹہ کی 271کے نوٹی فکیشن بھی عدالتی معاملات پرروکے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق مخصوص نشستوں پر کامیاب امیدواروں کا اعلان 11اگست ہفتہ کو جاری کیا جائے گا.
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں