کراچی: وفاق ایوان ہائے صنعت وتجارت پاکستان کے سابق صدر اور تاجر رہنما ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ دنیا بھرپاکستان کے مثبت امیج کو ابھارنے اور مارکیٹنگ کی جدت کو نئے اندازسے اپنانے کے لیے پاکستانی کمرشل اتاشی اہم کرداراداکرسکتے ہیں کیونکہ پاکستانی قونصل جنرل دنیا بھر میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہیں۔
یہ بات انہوں نے گزشتہ روز قونصل جنرل ٹورنٹو عمران احمد صدیقی کی جانب سے مسلم فیسٹ ( Muslim Fest ) میں قونصلیٹ کی جانب سے کراچی ٹو خیبر اورپاکستانی مصنوعات کی تشہیرکے لیے کیے جانے والے اقدامات کے موقع پرکہی ۔اس موقع پر یونائیٹڈبزنس گروپ کینیڈا چیپٹر کے چیئرمین سید نویدبخاری، یو بی جی سندھ کے چیف کوارڈینٹر نوراحمدخان، جاوید مغل سمیت دیگر بھی مو جودتھے۔
ایس ایم منیر نے کہا کہ اگر دنیا بھر میں موجود پاکستانی کمرشل اتاشی اور قونصلیٹ پاکستانی مصنوعات کے لیے مارکیٹنگ انداز کو اپنالے تو پاکستانی برآمدات میں اضافے کو ممکن بنایا جاسکتا ہے جس سے زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ رونما ہوگا اور پاکستان ایک مضبوط ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہوسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک اور پاکستانی زرعی سیکٹر سے بھرپوراستعفادہ حاصل کیاجاسکتا ہے ۔
اس موقع پر قونصل جنرل ٹورنٹو عمران احمد صدیقی نے کہا کہ پاکستانی قونصلیٹ کی جانب سے پاکستانی مصنوعات کی تشہیر اور آگاہی فراہم کرنے کے لیے بھرپوراقدامات کیے جارہے ہیں جسکی بدولت پاکستان اور کینیڈا کے مابین مرچنٹ ڈائز مصنوعات کی لین دین میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔پاکستانی برآمدکنندگان اپنی مصنوعات میں جدت پیدا کرتے ہوئے ویلیو ایڈیشن کی جانب توجہ مرکوز کریں کیونکہ دنیا بھر میں اب ویلیو ایڈیشن کی جانب توجہ دی جارہی ہے ۔