کراچی:گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے وزیراعظم شہباز شریف سے کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 100 ارب روپے کی گرانٹ مانگ لی ہے۔ کامران ٹیسوری نے وزیراعظم کو ایک خط لکھا جس میں کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے فوری فنڈز کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
خط میں گورنر سندھ نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی جانب سے فراہم کردہ منصوبوں کی فہرست بھی وزیراعظم کو بھیج دی ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے گرانٹ کی فراہمی انتہائی ضروری ہے تاکہ شہر کے مسائل حل کیے جا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کراچی کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے تاکہ شہریوں کے مسائل کا حل نکالا جا سکے اور شہر کی ترقی کے لیے اقدامات کیے جا سکیں۔