پاکستان میں نومبر دسمبر میں سٹار لنک کی سروسز دستیاب ہوں گی، شزہ فاطمہ

پاکستان میں نومبر دسمبر میں سٹار لنک کی سروسز دستیاب ہوں گی، شزہ فاطمہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال نومبر اور دسمبر کے دوران سٹار لنک کی سروسز پاکستان میں دستیاب ہوں گی۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام کے اجلاس میں چیئرمین کمیٹی امین الحق کی زیر صدارت سٹار لنک کے لائسنس کے معاملے پر بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین پی ٹی اے نے بتایا کہ سٹار لنک کو عارضی لائسنس فراہم کیا گیا ہے اور مکمل لائسنس ان کی ریگولیشنز کی تکمیل کے بعد جاری کیا جائے گا۔

شزہ فاطمہ نے اس بات کو واضح کیا کہ سٹار لنک کے لائسنس کے لیے کوئی بڑی مشکلات درپیش نہیں ہیں، اور اس سلسلے میں ایک کنسلٹنٹ کی مدد سے ریگولیشنز تیار کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسٹار لنک کی سروسز انفرااسٹرکچر کے مکمل ہونے کے بعد نومبر اور دسمبر میں پاکستان میں شروع ہو جائیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ چین کی کمپنی "شنگھائی سپیس کام" بھی سیٹلائٹ انٹرنیٹ کے لیے درخواست دے چکی ہے، اور حکومت کی خواہش ہے کہ مختلف کمپنیوں کے درمیان مقابلہ ہو تاکہ صارفین کو بہتر سروسز مل سکیں۔