لاہور:سکھوں کے مذہبی تہوار وساکھی میلہ اور خالصہ جنم دن کے موقع پر بھارت سے سات ہزار سکھ یاتریوں کی پاکستان آمد متوقع ہے۔
خالصہ جنم دن کی 326 ویں سالگرہ اور وساکھی میلہ کی تقریبات 10 اپریل سے شروع ہوں گی، جس میں بھارت سمیت دنیا بھر سے سکھ یاتری پاکستان پہنچیں گے۔ ان یاتریوں کو 10 سے 19 اپریل تک کا ویزا جاری کیا جائے گا۔
پاک بھارت مذہبی سیاحتی معاہدے کے تحت تین ہزار سکھ یاتری پاکستان آ سکتے ہیں، مگر اس سال سات ہزار سے زائد بھارتی یاتری پاکستان آنے کی درخواست کر چکے ہیں۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کے حکام نے پاکستان ہائی کمیشن نیودہلی سے مزید ویزے جاری کرنے کی درخواست کی ہے۔
پاکستان آنے والے سکھ یاتری گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب، گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور، گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال اور دیگر مقدس مقامات کی یاترا کریں گے۔ سکیورٹی انتظامات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں، اور یاتریوں کے لیے ویزہ فیس بھی معاف کی جائے گی۔