پنجاب میں 1500 الیکٹرک بسوں کا منصوبہ، وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت اصولی منظوری

03:28 PM, 7 Apr, 2025

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف شہروں کے لئے 1500 الیکٹرک بسوں کی خریداری اور چلانے کے منصوبے کی اصولی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں جدید اور ماحول دوست بس سروس شروع کی جائے گی۔

پہلے مرحلے میں لاہور اور گوجرانوالہ میں 380 الیکٹرک بسوں کی سروس فراہم کی جائے گی۔ اس کے بعد سرگودھا، شیخوپورہ، سیالکوٹ، گجرات، رحیم یار خان اور دیگر شہروں میں بھی الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے لاہور اور گوجرانوالہ میں سروس کے آغاز کے لئے جون تک کی ڈیڈلائن مقرر کی ہے۔

فیصل آباد میں اورنج اور ریڈ بس سروسز شروع کرنے کے لئے بھی منصوبہ تیار کیا گیا ہے، جس کے تحت سمندری روڈ سے سرگودھا روڈ تک اور جڑانوالہ سے جھنگ روڈ تک بسیں چلائی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ نے اس پروجیکٹ کو صوبے میں جدید ٹرانسپورٹ سسٹم کی طرف اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے تمام بڑے شہروں کے عوام کو جدید اور ماحول دوست بس سروس فراہم کی جائے گی تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولتیں مل سکیں۔

مزیدخبریں