ٹیکساس :امریکی ریاست ٹیکساس میں خسرہ کی وبا نے سنگین صورت اختیار کرلی ہے، جہاں 480 سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ اس وبا کے نتیجے میں امریکہ بھر میں اب تک 3 افراد کی ہلاکت کی تصدیق بھی کی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق، خسرہ کی وبا نہ صرف ٹیکساس بلکہ نیو میکسیکو، اوکلاہوما اور کنساس تک پھیل چکی ہے۔ امریکی وزیرِ صحت رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر کا کہنا ہے کہ اس سال 600 سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں، اور خسرہ کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے MMR ویکسین سب سے مؤثر طریقہ ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ امریکہ نے 2000 میں خسرہ کو ملک سے ختم کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم اس کے دوبارہ پھیلنے نے تشویش بڑھا دی ہے۔
اس کے ساتھ ہی، افریقی ملک انگولا میں ہیضے کی وبا بھی پھیل رہی ہے، جس میں 108 افراد کی ہلاکت ہوچکی ہے۔ وزارتِ صحت کے مطابق جنوری سے اب تک 3,147 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، جن میں سے زیادہ تر کیسز لوانڈا شہر سے تعلق رکھتے ہیں۔
یہ دونوں وبائیں دنیا بھر میں صحت کے نظام کی اہمیت اور احتیاطی تدابیر کی ضرورت کو اجاگر کرتی ہیں۔