ریاض : اس ہفتے کے آغاز پر عالمی تجارتی جنگ اور امریکی ٹیرف کی پالیسیوں کے خدشات نے ایشیائی اور خلیجی سٹاک مارکیٹس کو شدید متاثر کیا ہے۔ جاپان کا نکئی انڈیکس 9 فیصد نیچے آ گیا جبکہ ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ انڈیکس 8 فیصد کم ہوا۔ جنوبی کوریا میں مارکیٹ میں اتنی شدید گراوٹ آئی کہ ٹریڈنگ عارضی طور پر روک دی گئی۔
آسٹریلین سٹاک مارکیٹ میں بھی شدید مندی دیکھی گئی، جہاں صرف 15 منٹ میں بینچ مارک ایس اینڈ پی انڈیکس 6 فیصد تک نیچے آ گیا، جس کے نتیجے میں 160 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔
خلیج میں سعودی سٹاک مارکیٹ پر بھی مندی کا اثر پڑا، جہاں 500 ارب ریال کا نقصان ریکارڈ کیا گیا۔ سعودی بنچ مارک تاسی انڈیکس 700 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 11,200 پر بند ہوا۔ سعودی آرامکو کے شیئرز میں 340 ارب ریال کا نقصان ہوا، اور سعودی نیشنل بینک سمیت دیگر بڑی کمپنیوں کو بھی نمایاں نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
اسی طرح قطر، کویت، مسقط اور بحرین کی سٹاک مارکیٹوں میں بھی گراوٹ دیکھنے کو ملی۔ کویت کی سٹاک مارکیٹ میں 6.6 فیصد، قطر میں 5.5 فیصد، مسقط انڈیکس میں 2.1 فیصد، بحرین میں 2.5 فیصد اور عمان میں 2.6 فیصد کی کمی ہوئی۔ سعودی میڈیا کے مطابق خلیج کی سٹاک مارکیٹوں میں مئی 2020 کے بعد سب سے بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔