غزہ: اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں ایک اور دن میں 46 فلسطینیوں کی شہادت کی اطلاعات ہیں۔ حالیہ حملوں میں شہدا کی تعداد 1,000 سے تجاوز کر چکی ہے، جب کہ اسرائیلی جارحیت کے دوران مجموعی طور پر 50,695 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
غزہ شہر میں اسرائیلی ڈرون حملے میں ایک باپ اور بیٹی بھی شہید ہوگئے۔ اس دوران اسرائیل نے جنوبی غزہ میں نیا سکیورٹی کوریڈور قائم کر لیا ہے، جس سے علاقے میں فوجی آپریشنز مزید تیز ہو گئے ہیں۔
اسرائیلی فورسز کے جنگی جرائم کے الزامات کے حوالے سے ایک اور چونکا دینے والی ویڈیو سامنے آئی ہے۔ اس ویڈیو میں 15 فلسطینی امدادی کارکنوں کی ہلاکت کی تفصیلات ہیں۔ فوٹیج ایک شہید امدادی کارکن کے موبائل فون سے حاصل کی گئی، جس میں ایمبولینسز، فائر ٹرک اور اقوام متحدہ کی گاڑیوں پر واضح طور پر شناختی نشانات دکھائی دے رہے ہیں۔