کاکول کیمپ کا اصل مقصد ٹیم میں اتحاد تھا، یاد گار لمحہ اعظم خان کا پہاڑ کی چوٹی سر کرنا تھا: بابر اعظم

کاکول کیمپ کا اصل مقصد ٹیم میں اتحاد تھا، یاد گار لمحہ اعظم خان کا پہاڑ کی چوٹی سر کرنا تھا: بابر اعظم

کاکول : پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ فزیکل ٹریننگ کیمپ سے ہمیں انٹرنیشنل کرکٹ میں بہت فائدہ ہوگا۔

بابر اعظم کا کہنا ہے کہ اس طرح کا یہ میرا تیسرا کیمپ تھا، جب بھی آئے کچھ سیکھ کر گئے، اس کیمپ کا اصل مقصد ٹیم میں اتحاد تھا اور اس پر بہت کام ہوا۔  اس کیمپ کے بعد ہمیں فزیکل فٹنس کی فکر نہیں رہے گی، میرے لیے سب سے یادگار لمحہ اعظم خان کا پہاڑ کی چوٹی سر کرنا تھا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان نے کہا کہ سطح سمندر سے بلندی کی وجہ سے یہ کیمپ سخت تھا لیکن اس کا فائدہ بھی ہوا ہے، پہاڑ کی چوٹی تک پہنچنے کا منفرد تجربہ تھا جو ہمیشہ یاد رہے گا۔

آل راؤنڈر شاداب خان کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ سے قبل یہ فٹنس کیمپ بہت ضروری تھا، کھلاڑی جتنے زیادہ فٹ ہوں گے ٹیم کو فائدہ ہوگا۔ کیمپ کے ذریعے کھلاڑیوں کو ایک دوسرے کو سمجھنے کا بھرپور موقع ملا۔

 
عامر جمال کا کہنا ہے کہ ایسی ٹریننگ ہمارے لیے بالکل نئی تھی لیکن پھر ہم اس کے عادی ہوگئے، کسی بھی ایونٹ سے قبل ٹیم بانڈنگ ضروری ہوتی ہے اس کیمپ سے مددملی۔

عماد وسیم نے کہا کہ یہ ٹریننگ کرکٹ کی عام ٹریننگ سے مختلف لیکن بہت کارآمد رہی، آرمی کے ٹرینرز نے کھلاڑیوں کی فٹنس پر بہت زیادہ محنت کی ہے۔

فاسٹ بولر نسیم شاہ نے کہا ہے کہ اس ٹریننگ میں جم ورک کم تھا، زیادہ توجہ اسٹیمنا پر رہی، یہ ٹریننگ ٹیسٹ کرکٹ میں ہمیں کام آئے گی جہاں زیادہ اسٹیمنا درکار ہوتا ہے۔

مصنف کے بارے میں