گاڑی بلٹ اور بم پروف نہیں تھی، قریبی تھانہ 6 کلومیٹر دور تھا: بشام حملے پر کے پی پولیس کی دوسری رپورٹ وفاق کو ارسال

11:17 AM, 7 Apr, 2024

نیوویب ڈیسک

پشاور : بشام میں چینی انجینئرز پر حملے سے متعلق خیبرپختونخوا پولیس نے دوسری رپورٹ وفاق کو ارسال کردی۔

خیبرپختونخوا پولیس کی رپورٹ کے مطابق ابتدائی جانچ کی بنیاد پر بظاہر لگتا ہےکہ چینی باشندوں کو لے جانے والی گاڑی بلٹ پروف اور بم پروف نہیں تھی تاہم خودکش بمبار کے زیراستعمال گاڑی کے ٹکرے حاصل کیے گیے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ چینی قافلے میں شامل تمام بسوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب تھے، خودکش بمبار کے زیراستعمال گاڑی کے ٹکرے حاصل کر لیے گیے ہیں۔

  

وفاق کو ارسال ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا کہ خودکش بمبار کے اعضا ڈی این اے کے لئے بھیج دیے گئے، جائے وقوعہ کی فضائی تصویر بھی حاصل کرلی گئی۔

خیبرپختونخوا پولیس کے مطابق جائے وقوع سے تھانہ بشام تقریبا 6 کلومیٹر جبکہ داسو ڈیم 77 کلومیٹر دور ہے، خودکش دھماکے سے بس 300 فٹ گہرائی میں جاگری، تباہ ہونے والی بس دوسری بس سے 15 فٹ کے فاصلے پر تھی۔

واضح رہے کہ 26 مارچ کو خیبرپختونخوا کے علاقے شانگلہ میں بشام کے مقام پر گاڑی پر خودکش حملے کے نتیجے میں 5 چینی باشندوں سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

مزیدخبریں