ریاض : سعودی عرب نے ایران سے تعلقات بحال ہونے کے بعد یمن میں 8 سال سے جاری جنگ ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
برطانوی نیوز ایجنسی رائٹرز کے مطابق سعودی اور عمانی ایلچی اگلے ہفتے یمن کے دارالحکومت صنعا کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ ایرانی حمایت یافتہ حوثی حکام کے ساتھ مستقل جنگ بندی کے معاہدے پر بات چیت کریں اور وہاں آٹھ سال سے جاری تنازع کو ختم کیا جا سکے۔
نیوز ایجنسی کے مطابق یہ اقدام اس بات کا اشارہ دیتا ہے کہ سعودی عرب اور ایران کی جانب سے یمن سمیت مشرق وسطیٰ کے تنازعات میں برسوں کی دشمنی اور مخالف فریقوں کی پشت پناہی کے بعد گزشتہ ماہ تعلقات کی بحالی پر اتفاق کے بعد علاقائی دراڑیں کم ہو رہی ہیں۔
سعودی حکام کا صنعاء کا دورہ سلطنت اور ایران سے منسلک حوثی تحریک کے درمیان عمان کی ثالثی میں ہونے والی بات چیت میں پیش رفت کا اشارہ ہے جو اقوام متحدہ کی امن کوششوں کے متوازی چلتے ہیں۔
عمان جس کی سرحدیں یمن کے ساتھ ملتی ہیں برسوں سے یمن کے متحارب فریقوں اور ایران اور سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان اختلافات کو ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ یمن میں مستقل جنگ بندی مشرق وسطیٰ میں استحکام کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگی۔