عید تک مارکیٹیں اور دکانیں رات ایک بجے تک کھلی رہیں گی

11:20 AM, 7 Apr, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور: ہائیکورٹ نے عید تک مارکیٹیں اور دکانیں رات ایک بجے تک کھلی رکھنے کی اجازت دے دی۔


لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک کے کیس کی سماعت کی، درخواست گزاروں کے وکیل اظہر صدیق نے دلائل دئیے۔ جسٹس شاہد کریم  نے  شہر  میں درختوں کی کٹائی کے خلاف  سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے درخت کاٹنے کی اجازت دینے والے افسران کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم  دیا۔

لاہور ہائیکورٹ  کی جانب سے  نجی ہاوسنگ سوسائٹیز کو راستے کی اجازت دینے پر ڈی جی پی ایچ اے کے خلاف مقدمہ درج کرانے کا عندیہ بھی دیا گیا ہے عدالت کا کہنا ہے کہ  اگر اجازت نامے سے درخت کاٹنے ثابت ہو گئے تو ڈی جی پی ایچ اے کے خلاف عدالت خود مقدمہ درج کرائے گی۔اس لئے  ڈی جی پی ایچ اے کو فوری  طور پر  عدالتی فیصلے سے   آگاہ کیا جائے ۔

 دوسری جانب سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ  ہیٹ ویو کے تدارک کے لئے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب نے کمیٹی قائم کی ہے جس پر عدالت نے فصلوں کی باقیات کے خاتمے کی مشینری کے استعمال کی پالیسی بنانے کا حکم  دیا ،عدالت نے کہا کہ پالیسی پر عمل درآمد اور مانیٹرنگ کے عمل کو بھی مؤثر بنایا جائے۔  

سرکاری وکیل نے کہا کہ سموگ کے خاتمے کے لئے انڈسٹریل ایریا میں کیمرے نصب کر کے مانیٹرنگ کا عمل شروع کیا گیا ہے۔ عدالت نے درخت نہ لگانے پر آئندہ سماعت پر رنگ روڈ اتھارٹی کے ذمہ دار افسر کو طلب کر لیا۔

واسا کے وکیل میاں عرفان اکرم نے لاہور میں پھل دار نہ درخت لگانے کی نشاندہی  کی۔ عدالت  نے  شہر میں درخت لگانے کے حوالے سے پی ایچ اے کو تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ 

بعدازاں لاہور ہائی کورٹ نے شہر میں عید الفطر تک مارکیٹیں اور دکانیں رات 1 بجے تک کھولنے کی اجازت دیدی۔
 

مزیدخبریں