فرح گجر سے متعلق وزیر اعظم عمران خان کی کیا خواہش تھی ؟علیم خان گروپ کا اہم انکشاف 

08:51 PM, 7 Apr, 2022

اسلام آباد:علیم خان گروپ نے فرح گجر سے متعلق اہم انکشافات کرتے ہوئے کہا وزیر اعظم عمران خان کی خواہش تھی کہ یہ خاتون سینٹ میں بھی ان کی نمائندگی کریں ،علیم خان گروپ نے فرح گجر کے بارے میں سامنے آنے والی تفصیلات کی تحقیقات کا بھی مطالبہ کر دیا ۔

علیم خان گروپ نے فرح گجر کی کرپشن پر اعلیٰ عدلیہ سے فوری طور پر نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عدالت تحقیقات کرے کہ پنجاب کے اختیارات پر ایک خاتون نے کس کے اشاروں پرراج کیا ؟

رکن علیم خان گروپ  نے کہا کہ   عمران خان خود وضاحت کریں کہ فرح گجر کو کس کی کتنی آشیرباد حاصل تھی،فرح خان بتائیں کہ2017کے مقابلے میں اُن کے اثاثوں میں اتنا اضافہ کیسے ہو ا؟وہ وضاحت کریں کہ سوشل میڈیا پر اُنکی تصویریں کس کے گھر کی ہیں؟

علیم خان گروپ کا مزید کہنا تھا وزیر اعظم ہاؤس کی سرپرستی سے یہ خاتون پنجاب کے وسائل پر قابض تھیں، وزیر اعلیٰ ہاؤس فرح گجر کے اشاروں پر پوسٹنگ ٹرانسفرز کا مرکز بنا رہا،  علیم خان گروپ نے یہ بھی کہا  کہ وزیر اعظم کی خواہش تھی کہ یہ خاتون سینٹ میں بھی اُن کی نمائندگی کریں، عمران خان ان انکشافات پرخود کو کیسے کرپشن سے مبرا قرار دے سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا عالمی اور سوشل میڈیا فرح گجر کے" کارناموں "سے بھرا پڑا ہے،آج دنیا بھر میں جگ ہنسائی ہو رہی ہے،ملکی اداروں کو نوٹس لینا چاہیے۔

مزیدخبریں