لاہور:مسلم لیگ ن کے ایم پی اے چوہدری اقبا ل نے فرح خان سے متعلق دوٹوک اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں اپنی بہو نہیں مانتے ،نہ ہی ان کا میرے خاندان کیساتھ کوئی رشتہ ہے ۔
چوہدری اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے بیٹے نے فرح خان سے شادی ضرور کی لیکن میرے بیٹے نے بغاوت کر کے شادی کی جس کے بعد سے میرا اُن سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی میں نے ان سے کوئی رشتہ رکھا ہے ۔
واضح رہے اس سے قبل اپوزیشن کی طرف سے خاتون اول کی قریبی دوست سمجھی جانے والی فرح خان پر کرپشن کے بے پناہ الزامات لگائے گئے ،پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ فرح خان کیسے پنجاب میں بیٹھ کر پوسٹنگ اور ٹرانسفر کرتی رہی؟ فرح خان ہر ٹرانسفر اور پوسٹنگ میں کس کو کمیشن دیتی رہی؟ جب جواب کا وقت آیا تو فرح خان کو باہر بھیج دیا گیا۔
دوسری جانب مبینہ کرپشن کے الزامات کا سامنا کرنے والی فرحت شہزادی عرف فرح خان کے ساتھ بھی فراڈ ہوگیا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) حکام کا کہنا ہے کہ خاتون اول کی دوست فرحت شہزادی عرف فرح خان نے لگژری کار بک کروائی، فرح خان کو کار ملی نہ پیسے۔
حکام کے مطابق ملزم ملک سے فرار ہوگیا جس کا مقدمہ درج کیا گیا، جبکہ فرح خان نے ایف آئی آر میں اپنا اصل نام فرحت شہزادی لکھوایا۔