اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے فیصلوں کو قوم کے سامنے لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران نیازی کی مثال ہٹلر سے مختلف نہیں، وہ نازی تھا اور یہ نیازی ہے،جو نازی نے جرمنی میں کیا، نیازی نے وہی پاکستان میں کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 197 ارکان اسمبلی کو غدار کا سرٹیفکیٹ دیا ہے، اس کا ہر جگہ مقابلہ کریں گے، پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کو قوم کے سامنے لایا جائے، پاکستان کو بچانے کیلئے آئین بچانا ہے جبکہ ملک بچانے کیلئے شفاف انتخابات کو یقینی بنانا ہو گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی کی مثال ہٹلر سے مختلف نہیں، وہ نازی تھا اور یہ نیازی ہے، ہٹلر نے جرمنی کا آئین توڑا تھا، عمران نیازی نے بھی آئین کو سبوتاژ کیا ہے، پوری قوم کی نظریں اس وقت سپریم کورٹ پر ہیں اور امید ہے کہ عدالت جلد اس کیس کا فیصلہ سنائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ قوم کو جو معاشی نقصان ہو رہا ہے اس سے بچانا ہے،عمران خان کی معاشی تباہیاں اور بربادیاں بہت ہو گئیں، آج پاکستان دہائیوں پیچھے جا چکا ہے، عمران خان نے 3 اپریل کو آئین کو توڑا، پہلے بھی کہا کہ نیشنل سیکیورٹی کونسل کے فیصلے عوام میں لائے جائیں، معاشرے میں بہت زہر گھولا گیا ہے۔
انہوں نے کہا عمران خان جھوٹا اور ’ابسولوٹلی‘ فراڈ ہے، اگر پاکستان کو بچانا ہے تو آئین کی بالادستی کرنی ہو گی، جہانگیر ترین گروپ اور علیم خان گروپ کا مشکور ہوں، گزشتہ روز حمزہ شہباز کو 199 ووٹ ملے اور یوں انہوں نے مقررہ ووٹوں سے 13 ووٹ زیادہ لئے، مگر پنجاب اسمبلی کو تالے لگا دئیے گئے۔