پارلیمانی نظام کے تحفظ کیلئے آخری حد تک جائیں گے: مولانا فضل الرحمن 

08:46 AM, 7 Apr, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستان کے وفاقی پارلیمانی نظام کے تحفظ کیلئے آخری حد تک جائیں گے اور جمعہ کو یوم تحفظ آئین منایا جائے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے اپنے بیان میں وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خط آنے کے بعد آپ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی قیادت سے ملے، کیا اس وقت اپنے اتحادی کے ساتھ خط کا ذکر کیا؟ ہم الیکشن مان رہے تھے لیکن جب تک خط نہیں آیا اس وقت تک انہیں الیکشن یاد ہی نہیں آیا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ وفاق میں تو خط آ گیا، بتایا جائے کہ پنجاب میں کون سا خط آیا ہے؟ تم نے پنجاب میں ہلڑ بازی کرائی، یہ جمہوریت نہیں ڈکٹیٹر شپ ہے، جمہوریت پر حملہ کسی صورت قبول نہیں، ہم پاکستان کے عوام کی عدالت میں جائیں گے اور پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ وہی کریں گے۔ 
مولانا فضل الرحمن نے ایک بار پھر ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمان میں اکثریت کو نظرانداز کرنے کیلئے خط کا سہارا لیا گیا، اس وقت ملک کو انارکی کی جانب لے جایا جا رہا ہے اور ہم اسے بچانا چاہتے ہیں۔ 

مزیدخبریں