لاہور: قومی کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ کیخلاف تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میں جیت حاصل کر کے ناصرف سیریز اپنے نام کر چکی ہے بلکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ سپر لیگ پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر آ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے جنوبی افریقہ کیخلاف تین ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز میں 1-2 کی فتح حاصل کی اور اس طرح وہ سپر لیگ میں6 میں سے 4 میچز جیت کر 40 پوائنٹس حاصل کر کے دوسری پوزیشن پر آ گئی ہے۔ اس فہرست میں انگلینڈ کی ٹیم کے بھی 40 پوائنٹس ہیں لیکن بہتر نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر وہ پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔
آسٹریلیا نے بھی آئی سی سی سپرلیگ میں 40 پوائنٹس حاصل کئے ہیں مگر نیٹ رن ریٹ پر وہ پاکستان سے پیچھے ہے جبکہ ورلڈ کپ سپر لیگ میں پاکستان کی اگلی سیریز انگلینڈ کے خلاف جولائی میں ہو گی جس میں جیت اس کی پوزیشن کو مزید مضبوط کر دے گی۔ واضح رہے کہ میزبان بھارت کے علاوہ سپر لیگ کی ٹاپ 7 ٹیمیں 2023 کے ورلڈ کپ میں براہ راست جگہ حاصل کریں گی۔
جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز میں فتح، قومی ٹیم آئی سی سی ورلڈکپ سپر لیگ پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر آ گئی
10:14 PM, 7 Apr, 2021