کورونا وائرس کی تیسری لہر، برازیل میں 24 گھنٹوں میں 4 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوگئے

07:47 PM, 7 Apr, 2021

برازیلیا، عالمی وباء کوروناوائرس کے باعث برازیل میں 24 گھنٹوں میں 4 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے ۔ عالمی وباء اب تک برازیل میں مجموعی طور پر337000افراد کی جان لے چکی ہے ۔ 

برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کے مطابق برازیل میں پہلی بار کورونا وائرس سے ایک دن میں ریکارڈ 4000سے زائد افراد کی جانیں ضائع ہوئیں۔

کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی بڑی تعداد ہسپتالوں میںٰ پہنچ رہی ہے اور ان میں سے متعدد کی موت واقع ہورہی ہے ۔

 بی بی سی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نئی اموات کے اعداد و شمار کے بعد اس بیماری سے مرنے والوں کی تعداد 337000 ہوگئی ہے۔

 برازیل محکمہ صحت کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ملک کے بہت سارے علاقوں میں صحت کا نظام خراب ہونے کے دہانے پر ہے لیکن صدر جیئر بولسنارو کوویڈ19کیسز اور اموات کی تعداد بڑھنے کے باوجود اس بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے لاک ڈاؤن لگانے کے حق میں نہیں ہیں۔

صدر کا مؤقف ہے کہ لاک ڈاؤن سے معیشت کو پہنچنے والا نقصان وائرس کے اثرات سے بھی بدتر ہوگا اور وہ عدالتوں میں مقامی حکام کی عائد کی گئی کچھ پابندیوں کو واپس لینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

منگل کے روز صدر کی رہائش گاہ کے باہر حامیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے قرنٹائن  اقدامات پر تنقید کی انہوں نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی 4195 اموات پر کوئی تبصرہ بھی نہیں کیا۔

برازیل نے وزارت صحت کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے 1.3 لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ مارچ میں ہی کورونا سے ریکارڈ 66570 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

مزیدخبریں