رمضان المبارک میں چینی 80 روپے فی کلو فروخت کی جائے ، لاہور ہائی کورٹ

07:36 PM, 7 Apr, 2021

لاہور ہائیکورٹ نے رمضان میں چینی 80 روپے فی کلو فراہم کرنےکا حکم دے دیا۔عدالت نے چینی کی مقررہ نرخ پر فروخت کو یقینی بنانے کی تاکید کردی ۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں  جسٹس شاہد جمیل نے مختلف شوگر ملز کی درخواستوں پر سماعت کی جس ‏میں موقف اختیار کیا گیا کہ حکومت غیر قانونی طور پر 80 روپے فی کلو کے حساب سے چینی ‏خرید رہی ہے ۔ملیں اس نرخ پر چینی فروخت نہیں کر سکتیں۔

دوران سماعت شوگر ملز نے آفر کی کہ ہم 20 ہزار ٹن چینی 80 روپے کے حساب سے ماہ رمضان ‏میں دینے کو تیار ہیں جس پر سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ صرف رمضان میں ایک لاکھ 55 ‏ہزار ٹن چینی کی ضرورت ہو گی.

لاہور ہائیکورٹ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد حکم دیا کہ ‏حکومت نے جو قیمت مقرر کی اسی پر ماہ رمضان میں چینی کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور ‏کین کمیشنر عدالتی حکم پر عمل درآمد یقینی بنائیں ۔

سرکاری وکیل نے کہا کہ 25لاکھ ٹن چینی کا اسٹاک شوگرملز کے پاس موجودہے جب کہ شوگرملز ‏کےوکیل نے عدالت کےروبرو قیمت کےتعین پرآمادگی سےانکار کیا۔

عدالت نے کہا کہ رمضان میں چینی لوگوں کوملنی ہےآپ دیکھ لیں،آپ ثواب کمالیں، چینی کی ‏قیمت کےتعین کاطریقہ کار رمضان کےبعد طےکیاجائےگا، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب آپ رولز بنانے کے ‏کام کویقینی بنائیں آج عدالت جوحکم جاری کریگی وہ چینی کی مخصوص مقدار کیلئے ہے۔

عدالت نے حکم دیا کہ ایک لاکھ 55ہزار ٹن چینی پنجاب کی شوگرملز سے حصول کویقینی بنایا ‏جائے، چینی سے متعلق تمام کیسوں کویکجاکرکےآئندہ سماعت پرپیش کیاجائے۔

مزیدخبریں