نیپرا نے بجلی 64 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی

06:38 PM, 7 Apr, 2021

اسلام آباد: عوام پر ایک اور بوجھ ڈال دیا گیا . نیپرا نے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کےریٹ میں 0.6416 روپے فی یونٹ اضافے  کی منظوری دے دی۔

تفصیلات کے مطابق نیپرا نے فروری کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 64 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی ہے اور اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیپرا کو 0.6573 روپے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی۔ اتھارٹی نے 30 مارچ 2021 کو ایف سی اے پر عوامی سماعت کی اور 64 پیسے فی یونٹ کی منظوری دی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق صرف اپریل کے مہینے کے بلوں پر ہو گا اور نوٹیفکیشن کے مطابق فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق لائف لائن اور کے الیکٹرک کے سوا تمام صارفین پر ہو گا۔

خیال رہے کہ 11 جنوری کو نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمت میں ایک روپے 6 پیسے فی یونٹ اضافہ کر دیا تھا۔ نیپرا نے اکتوبر اور نومبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا جس میں کہا گیا کہ حالیہ اضافہ جنوری کے مہینے کے بلوں میں وصول کیا جائے گا۔ 

یاد رہے کہ اتھارٹی نے گزشتہ سال 30 دسمبر 2020ء کو دونوں مہینوں کی ایف سی اے پر عوامی سماعت کی تھی جس میں بجلی کی قیمت میں 1 روپے 52 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی گئی تھی۔

مزیدخبریں