سینچورین: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تیسرے اور فیصلہ کن ایک روزہ انٹرنیشنل میچ میں قومی ٹیم نے فخر زمان اور بابراعظم کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پروٹیز کو جیت کیلئے 321 رنز کا ہدف دیدیا ہے، فخر زمان نے 101 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ بابراعظم نے 94 رنز بنائے۔
سپر سپورٹس پارک سینچورین میں کھیلے جا رہے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 320 رنز بنائے۔ دوسرے میچ میں انتہائی عمدہ بلے بازی کرنے والے فخر زمان آج بھی 104 گیندوں پر 3 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 101 رنز بنا کر سب سے نمایاں بلے باز رہے جبکہ بابراعظم نے 82 گیندوں پر تین چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 94 رنز بنائے۔ دیگر بلے بازوں میں امام الحق 57، محمد رضوان 2، سرفراز احمد 13، فہیم اشرف 1، محمد نواز 4 اور حسن علی 32 رنز بنا سکے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشوو مہاراج سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 10 اوورز میں 45 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور ایڈن مارکرم نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اینڈیل فیلوک وائیو اور جے سمٹس ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کر سکے۔