رمضان المبارک کا چاند اور مفتی پوپلزئی، پاکستانیوں کیلئے اہم خبر آ گئی

05:11 PM, 7 Apr, 2021

اسلام آباد: رویت ہلال کمیٹی نے رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری سے تکنیکی معاونت طلب کر لی ہے جبکہ مفتی پوپلزئی کو اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق رویت ہلال کمیٹی کے چیئرپرسن عبدالخبیر آزاد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے ملک بھر میں اجلاس ہوں گے جبکہ مرکزی اجلاس پشاور میں منعقد کیا جائے گا۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کیساتھ بھی گفتگو کی گئی ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ’ میں نے فواد چوہدری سے تکنیکی معاونت فراہم کرنے کا کہا ہے جس پر وہ رضامند ہیں جبکہ رمضان المبارک کے چاند سے متعلق کوئی بھی فیصلہ شرعی اصولوں اور شہادتوں کی بنیاد پرکیا جائے گا۔‘ 
واضح رہے کہ مفتی پوپلزئی ماضی میں رمضان المبارک اور شوال کا چاند دیکھنے کیلئے اجلاس بلاتے رہے ہیں اور اس حوالے سے الگ فیصلے کرتے رہے جس کے باعث ملک بھر میں ایک ہی روز رمضان المبارک اور عید منانے کا خواب بھی شرمندہ تعبیر نہ ہو سکا۔ 
قبل ازیں مولانا عبدالخبیر آزاد کا کہنا تھا کہ وہ اپنی بھرپور کوشش کریں گے کہ ملک بھر میں رمضان المبارک کا آغاز بھی ایک ہی دن ہو گا اور عید الفطر بھی ایک ہی روز منائی جائے۔ اس ضمن میں انہوں نے صوبائی وزیر اوقاف سعید الحسن شاہ سے ملاقات بھی کی تھی اور کہا تھا کہ وہ رویت ہلال کمیٹی کے کام کرنے کے طریقہ کار کو بہتر بنائیں گے۔ 

مزیدخبریں