کراچی: سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے، انہوں نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں بختاور بھٹو نے خود تصدیق کی ہے کہ ان کے اندر 2 اپریل کو کورونا ٹیسٹ کے ذریعے وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔
بختاور بھٹو نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ میں نے ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے خود کو آئسولیٹ کر لیا ہے، میری طبیعت بہتری کی جانب گامزن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام اس وبائی مرض سے بچنے کیلئے تمام ضروری احتیاط کو لازمی اختیار کریں اور ماسک پہنیں۔
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لوگوں کو ترغیب دی کہ وہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ویکسین ضرور لگوائیں۔ میری اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہم سب کی حفاظت فرمائے آمین
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی کورونا وائرس سے بچنے کیلئے حفاظتی ٹیکے کی پہلی خوراک لگوائی تھی۔ اس موقع پر ان کی چھوٹی صاحبزادی آصفہ نے بھی عوام سے اپیل کی تھی وہ وبائی مرض سے بچاؤ کے ٹیکے ضرور لگوائیں۔