سنچورین: پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے آخری معرکے میں پروٹیز نے ٹاس جیت کر گرین شرٹس کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔
خیال رہے کہ یہ میچ فیصلہ کن ہے کیونکہ دونوں ٹیمیں ایک، ایک میچ جیت چکی ہیں۔ پاکستان نے پہلا میچ تین وکٹوں سے جیت کر اپنے نام کیا تھا جبکہ دوسرے میچ جنوبی افریقا نے 17 رنز سے فتح اپنے نام کی تھی۔
پاکستانی ٹیم میں اس میچ کیلئے چار تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اس میچ میں امام الحق، فخر زمان، کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، سرفراز احمد، محمد نواز، فہیم اشرف، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، عثمان قادر اور حارث رؤف میدان میں اتریں گے۔
جنوبی افریقا کے اہم کھلاڑی بھی اس میچ میں حصہ نہیں لے رہے۔ ان کھلاڑیوں میں کیگسو ربادا، اینرچ نورٹجی، لونگی نگیڈی اور ڈیوڈ ملر شامل ہیں جو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں شرکت کیلئے انڈیا جا چکے ہیں۔
ٹاس کے بعد میڈٰیا سے گفتگو میں جنوبی افریقا کے کپتان بووما کا کہنا تھا کہ ہم وکٹ کی کنڈیشن سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔ آج سنچورین میں ہوا اچھی چل رہی ہے، اس سے امید ہے کہ باؤلرز کو گیند سوئنگ کرنے میں مدد ملے گی۔
پاکستانی کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ سنچورین کی وکٹ اچھی کنڈیشن میں لگ رہی ہے۔ ہماری کوشش ہوگی کہ اس وکٹ پر 300 سے زائد رنز بنا کر جنوبی افریقا کو کھیل پیش کرنے کیلئے ٹف ٹائم دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فائنل میچ میں ہمارے کھلاڑی پچھلی شکست کو بھول کر میدان میں اتریں گے اور اپنا بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے لئے آج کا میچ بہت ہی اہمیت کا حامل ہے۔ ہم نے ٹیم میں چار تبدیلیاں کی ہیں جبکہ ٹی ٹونٹی میچوں میں کارکردگی کی بنیاد پر عثمان قادر کو بھی ڈیبیو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔