اسلام آباد: وزیراعظم نے کہا ہے کہ 25 اپریل کو کمیشن کی رپورٹ آنے پر مزید ایکشن ہو گا جو بھی ملوث ہوا قانون کے تحت کارروائی ہوگی۔وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس میں چینی و آٹا بحران کی انکوائری رپورٹ، موجودہ سیاسی صورت حال اور ملکی معاملات پر تبادلہ خیال ہوا۔ عمران خان نے حالیہ اقدامات پر کابینہ اراکین کو اعتماد میں لیا۔ انہوں نے کہا میری ہدایت پر انکوائری کمیٹی کی رپورٹ جاری کی گئی اور عوام سے رپورٹس پبلک کرنے کا وعدہ پورا کر دیا۔
دوسری جانب وفاقی کابینہ کو ٹائیگر فورس کی تازہ ترین رپورٹ پیش کر دی گئی۔ معاون خصوصی عثمان ڈار نے کابینہ ارکان کو تازہ اعداد و شمار پر بریفنگ دی جس پر وزیراعظم نے اطمینان کا اظہار کیا اور فورس کو صوبائی سطح پر فوری متحرک کرنے کی ہدایت کر دی۔ ٹائیگر فورس کی لائیو اپ ڈیٹ کو کووڈ 19 کی سرکاری ویب سائٹ پر پبلک کر دیا گیا۔
عثمان ڈار کا کہنا تھا ٹائیگر فورس میں رجسٹرڈ نوجوانوں کی تعداد 8 لاکھ کے قریب پہنچ گئی، رحسٹرڈ نوجوانوں میں سب سے زیادہ تعداد طلباء اور سوشل ورکرز کی ہے، انجینئرز، اساتذہ، وکلاء اور کارپوریٹ سیکٹر سے وابستہ افراد بھی فورس میں شامل ہیں۔ وکلاء صحافی اور ریٹائرڈ آرمڈ فورسز سے وابسطہ افراد نے بھی رجسٹریشن میں حصہ لیا۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا سیاسی ورکرز اور این جی اوز کے نوجوان بھی بڑی تعداد میں شامل ہوئے، پنجاب سے رجسٹرڈ نوجوانوں کی تعداد 5 لاکھ سے زائد ہے، سندھ سے 1 لاکھ 11 ہزار، پختونخواہ سے 1 لاکھ 2 ہزار نوجوان رجسٹرڈ ہوئے، اسلام آباد سے 10 ہزار، بلوچستان سے 9 ہزار، آزاد کشمیر سے 8 ہزار نوجوان فورس کا حصہ بنے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا نوجوان مشکل وقت میں قومی جذبے کا بھرپور مظاہرہ کر رہے ہیں۔ نوجوانوں کو صوبائی اور ضلعی سطح پر جلد متحرک کیا جائے۔