اسلام آباد: کورونا وائرس نے پوری دنیا کے بعد اب پاکستان میں بھی اپنے وار تیز کر دیئے ہیں ، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 577 کیسز سامنے آ ئے ہیں جس کے بعد تعداد 3 ہزار 864 پر جا پہنچی ہے ۔دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 13 لاکھ 48 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 74 ہزار 808 اموات واقع ہوئی ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 4 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جس کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 54 ہو گئی ہے ، حکومت کی جانب سے فراہم کردہ اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں تین ہزار 88 ٹیسٹ کی گئے جس کے بعد کل ٹیسٹوں کی تعداد 39 ہزار 183 پر جا پہنچی ہے ۔
کورونا وائرس سے اب تک 429 لوگ صحت یاب ہو چکے ہیں تاہم 28 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے جن کا مختلف ہسپتالوں میں علاج جاری ہے ۔
پنجاب میں سب سے زیادہ 1918 کورونا وائرس کے کیس رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ سندھ میں 932 ، خیبر پختون خواہ میں 500 بلوچستان میں 202، گلگت بلتستان میں 211 ، اسلام آباد میں 89 اور آزاد کشمیر میں 18 مریضوں میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے ۔
خیبر پختون خواہ میں کیسز کم رپورٹ ہوئے ہیں تاہم وہاں پر وائرس کے باعث جان کی بازی ہارنے والوں کی تعداد 16 ہو گئی ہے جبکہ پنجاب اور سندھ میں 15 ،15 ، اسلام آباد میں ایک ،گلگت بلتستان میں تین ، بلوچستان میں ایک شخص انتقال کر گیاہے ۔