آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے

07:44 PM, 7 Apr, 2018

سڈنی :آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے ، کرکٹر نے راشیل میکلیلن کے اسلام قبول کرنے کے بعد ان کو شادی کےبندھن میں باندھ لیا ۔

تفصیلات کے مطابق   31 سالہ عثمان خواجہ اور 22 سالہ راشل کی شادی کی تقریب سن شائن کوسٹ میں واقع مالینی مینور میں ہوئی۔

اس موقع پر راشیل نے سفید رنگ کا گاؤن پہن رکھا تھا جس میں وہ بہت خوبصورت لگ رہی تھیں جبکہ پینٹ کوٹ میں ملبوس عثمان خواجہ انتہائی خوش نظر آ رہے تھے ، راشیل نے حال ہی میں اسلام قبول کیا ہے اور ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ انہوں نےخود لیا۔

تقریب میں وہ قانونی طور پر شادی کے بندھن میں بندھے مگر دونوں نے گزشتہ سال ہی نکاح کر لیا تھا جس کے بعد دونوں ایک ساتھ زندگی گزار رہے تھے،عثمان خواجہ آسٹریلیا کی جانب سے کھیلنے والے پہلے مسلمان کھلاڑی ہیں جنہوں نے جولائی 2016ء میں راشیل سے منگنی کی تھی۔

اس حوالے سے عثمان خواجہ کا کہنا تھا کہ راشل پر اسلام قبول کرنے کیلئے کوئی دباؤ نہیں تھا اور اس نے خود یہ فیصلہ کیا،میں کبھی بھی اس کے سر پر بندوق رکھ کر یہ نہیں کہنے والا تھا کہ تمہیں اسلام قبول کرنا ہو گا۔

میں نے بتایا کہ میں تمہارے قبول اسلام کو ترجیح دوں گا لیکن یہ سب تمہیں خود کرنا ہو گا۔جب تک تمہارے اندر یہ تبدیلی پیدا نہ ہو اور تمہارا دل اسلام قبول کرنے کو نہ کہے ،تب تک اس کا کوئی فائدہ نہیں۔ 
 

مزیدخبریں